نئی دہلی15جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیراعلیٰ اورعام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کی حکمت عملی میں ایک نئی تبدیلی دیکھنے مل رہی ہے۔سب سے چھوٹی بات پرمرکزی سرکار اور پی ایم مودی پر حملہ کرنے والے کیجریوال پنجاب اور گوا انتخابات کے بعد ہی تیکھی بیان بازی کرنے سے بچتے نظرآ رہے ہیں۔دہلی میں مضبوط اقتدار رکھنے والے کیجریوال ایم سی ڈی انتخابات میں شکست کاسامنا کے بعد سے ہی اس کی شبیہ کو تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔گزشتہ کئی ماہ سے اروند کیجریوال کی نئی دہلی اسمبلی علاقے میں بھی سرگرم ہوگئے۔اپنے علاقے کے ووٹ بینک کو گنوانے کا کوئی موقع نہ چھوڑتے ہوئے وزیراعلیٰ کیجریوال لوگوں کے درمیان جاکر مسائل سن رہے ہیں اور نئے منصوبوں کا اعلان بھی کر رہے ہیں۔آپ کوبتا دیں کہ21مئی کو پنجابی باغ میں ہوئی آپ کارکنوں کے اجلاس میں کیجریوال نے ممبران اسمبلی اور وزراء کو روز صبح 10بجے عوام سے بغیر اپائنٹمنٹ ملنے اورعلاقے میں جا کر لوگوں کے مسائل سے واقفیت کابھی حکم دیاتھا۔